سری نگر: بھارتی فوج اور ایجنسیوں نے مقبوضہ کشمیر کے نامور قانون دان بابر قادری کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کیرپورٹ کے مطابق حریت رہنما عبد الحمید لون نے ایڈوکیٹ بابر قادری کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی ایجنسیوں نے قانون دان کو شہید کیا‘۔
عبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ ’بابر قادری بھارتی جیلوں میں قید کیے جانے والے مظلوم کشمیریوں کی رہائی کے لیے قانونی جنگ لڑتے تھے، بھارت منظم سازش کےتحت کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کررہا ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سری نگر کے علاقے ہاوال میں بابر قادری کو گولی ماری جس کے بعد اُن کو زخمی حالت میں سورا ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے ہسپتال پہنچنے کے بعد بابر قادری کی شہادت کی تصدیق کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بابر قادری ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر پاکستان زندہ باد اور ہندوستان مردہ باد کا نعرہ لگا چکے تھے، وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست اور انتہا پسندی پر بھی مختلف تقاریب میں اُن کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے رہتے تھے۔
بابر قادری مختلف سیمینارز میں شرکت کر کے یہی مطالبہ کرتے تھے کہ کشمیر کے مسئلے کے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف کھل کر آواز اٹھاتے تھے اور دوٹوک انداز میں کہتے تھے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے، انہوں نے حریت قیادت اور دیگر نوجوانوں پر درج کیے جانے والے مقدمات بھی لڑے۔