شیخ نواف الاحمد الصباح نے کویت کے نئے امیر کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں حلف اٹھالیا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کویت کے نئے امیر نے سابق حکمران شیخ صباح الاحمد الصباح کی تدفین سے قبل پارلیمنٹ کے اجلاس میں حلف اٹھایا۔
کویت کی کایبنہ نے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الصباح کو فوری طور پر نیا امیر نامزد کردیا تھا کیونکہ ان کا نام پہلے ہی تجویز کیا جاچکا تھا۔
خیال رہے کہ 91 سالہ شیخ صباح الاحمد الصباح گزشتہ روز امریکا میں انتقال کرگئے تھے جہاں وہ علاج کے لیے رواں برس جولائی میں گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق شیخ صباح الاحمد کی نماز جنازہ کو صرف شاہی خاندان تک محدود رکھا جائے گا، کورونا کے باعث بڑا اجتماع نہیں ہوگا۔
اس سے قبل 2006 میں اس وقت کے امیر شیخ جابر الاحمد الصباح کا انتقال ہوا تھا تو غیر ملکیوں سمیت ہزاروں شہریوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی تھی اور گلیوں میں بھی صفیں باندھیں گئی تھیں۔
کویت کے نئے امیر 83 سالہ نواف الاحمد الصباح نے حلف اٹھانے کے بعد اپنے دفتر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کی خوش حالی، استحکام اور سلامتی کے لیے کام کریں گے جس پر اراکین پارلیمنٹ نے ان سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا۔
ایوان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہماری قوم کو آج مشکل حالات اور خطرناک چینلجز کا سامنا ہے، جن کو اتحاد اور مل کر کام کے ہی ختم کیا جاسکتا ہے'۔