اوہائیو : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اینٹی کورونا ویکسین بنانے سے صرف چند ہفتوں کے فاصلے پر ہے اور جلد ہی یہ ویکسین تیار کرلی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے ایک ٹی وی چینل پر گزشتہ روز صدارتی انتخابات کے لئے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کے ساتھ ہونے والی پہلی صدارتی بحث کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم کورونا ویکسین سے صرف چند ہفتوں کے فاصلے پر ہیں،
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی طبی ماہرین کہتے ہیں کہ ہماری حکومت نے عوام کی جانیں بچائی ہیں، ہم نے کرونا وائرس کے خلاف بہترین کام کیا مگر جعلی میڈیا نے اسے رپورٹ نہیں کیا۔
اس بات کے جواب میں جو بائیڈن نے کہا کہ میں ان پر یقین نہیں کرتا، امریکہ میں جان لیوا کوروناوائرس سے 2.05 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، امریکہ میں اس مہلک ترین وبا نے خوفناک شکل اختیار کرلی ہے اور اب تک 71 لاکھ سے زائد یادہ افراد اس وبا کی زد میں آچکے ہیں۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ صرف ماسک پہننے سے وائرس کا خطرہ آدھا رہ جاتا ہے مگر ٹرمپ نے اس پر توجہ نہیں دی، اگر فروری کے مہینے میں ماسک پہننے کی پابندی عائد کی جاتی تو ایک لاکھ زندگیاں بچائی جاسکتی تھیں، جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ میری جیب میں ہر وقت ماسک موجود ہوتا ہے، ضرورت ہوتی ہے تو پہن لیتا ہوں۔