ا قوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈ کوارٹرز کے باہر تحریک کشمیر یورپ اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (کے آئی آئی آر) کے اشتراک سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری خونریزی، کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی اور جبری گمشدگیوں کے لامتناہی سلسلے کو بند کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے پینتالیسویں اجلاس کے موقع پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے تحریک کشمیر یوکے کے صدر فہیم کیانی، محمود شریف صدر تحریک کشمیر یورپ اٹلی، اعجاز احمد طاہر صدر تحریک کشمیر یورپ سوئٹزرلینڈ، چوہدری زاہد اقبال صدر سائوتھ زون تحریک کشمیر برطانیہ، راجہ سعید الز زمان سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سوئٹزرلینڈ، ممتاز سکھ رہنما کرن سنگھ اور متعدد دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
انہوں نے عالمی برادری کو خطے میں ریاستی تشدد کے خاتمے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے اور حکومت ہند پر اثر و رسوخ استعمال کر کے کشمیر کے پرامن حل کے لیے راہ ہموار کرے۔