عالمی دباؤ بھی نظر اندا ز،آرمینیا اور آذربائیجان میں جھڑپیں جاری، 200ہلاکتیں 

باکو۔آرمینیا اور آذربائیجان نے عالمی برادری کی جانب سے جنگ بندی کی اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان چوتھے روز بھی جھڑپیں بدستور جاری رہیں۔

. چار دنوں سے جاری والی جھڑپوں کے دوران اب تک 200 کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں شہری بھی شامل ہیں دونوں ملکوں کی جانب سے حریف ملک کو زیادہ نقصان پہنچانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

دونوں ملکوں نے لڑائی کے خاتمے کے لیے عالمی دبا ؤکو بھی نظر انداز کر دیا ہے جس کے بعد خطے کی دو بڑی طاقتوں روس اور ترکی کے اس تنازع میں کودنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 آذربائیجان کے صدر الہام الیو نے اعلان کیا ہے کہ ان کی فوج اس وقت تک لڑائی جاری رکھے گی جب تک آرمینیا کے فوجی مکمل طور پر متنازع علاقے ناگورنو کاراباخ سے انخلا نہیں کر لیتے.انہوں نے جھڑپ کے دوران ایک زخمی فوجی کی عیادت کے موقع پر کہا کہ اگر آرمینیا کی حکومت فوجی انخلا کے مطالبے کو تسلیم کر لیتی ہے تو خونریزی ختم ہو جائے گی اور خطے میں امن قائم ہو گا۔

دوسری جانب آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشنیان کا کہنا ہے کہ دشمنی انتہا کو پہنچنے کے بعد مذاکرات کی بات کرنا مناسب نہیں آرمینیا کے دارالحکومت یریوین کے فوجی بھرتی دفاتر کے سامنے درجنوں افراد جمع ہوئے جو آذربائیجان کے خلاف لڑائی کا حصہ بننے کے خواہش مند تھے دونوں ملکوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں آرمینیا کے 104 فوجی اور 23 سویلین ہلاک ہو چکے ہیں۔

 دوسری جانب آذربائیجان کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ کاراباخ میں 2300 علیحدگی پسند مارے گئے ہیں جب کہ 130 ٹینکوں، 200 آرٹلری یونٹس، 25 اینٹی ایئرکرافٹ یونٹس، اسلحے کے پانچ ڈیپو، 50 اینٹی ٹینک یونٹس اور 55 فوجی گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔

آذربائیجان کے مطابق آرمینیا کی فوج نے ان کے 29 ٹینک اور فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ہے یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان متنازع علاقے ناگورنو کاراباخ پر جھڑپیں ہو رہی ہیں یہ علاقہ آذربائیجان کی حدود میں واقع ہے لیکن کا اس کا حکومتی انتظام آرمینیائی نسل کے لوگوں کے پاس ہے جنہیں آرمینیا کی حکومت کا تعاون حاصل ہے۔