ریاض: سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے اپنے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بین الاقوامی ٹکٹوں پر 75 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق السعودیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ سعودی عریبین ایئرلائنز کے قیام کی 75ویں سالگرہ کا جشن سعودی پروازوں سے سفر کرکے منائیے۔
سعودی ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 75ویں سالگرہ کے موقع پر کسی بھی بین الاقوامی اسٹیشن کے لیے ٹکٹ پر 75 فیصد رعایت حاصل کریں۔
السعودیہ کے حکام نے کہا کہ ہم اپنے تمام معزز مسافروں کی جملہ خواہشات کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، تمام داخلی پروازیں تدریجی طور پر بحال کردی جائیں گی۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ پہلے سے متعین ہوائی اڈوں کے سوا نئے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں بھیجنے کا فیصلہ کرنے پر بروقت اعلان کیا جائے گا، مسافروں سے امید کرتے ہیں کہ وہ ویب سائٹ پر جاکر لنک کے ذریعے پروازوں کی تفصیلات دریافت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عریبین ایئرلائن کا کہنا تھا کہ پرواز کے وقت سے ایک گھنٹے پہلے تک ریزرویشن میں ترمیم ہوسکتی ہے۔