مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور سینیٹائزنگ کے لیے اسمارٹ روبوٹ متعارف کروا دیا گیا۔
خبرایجنسی کے مطابق مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹ کا افتتاح کیا ہے۔
اسمارٹ روبوٹ بند مقامات پر وبا کے انسداد میں معاون ثابت ہوگا۔ سینیٹائزنگ کا کام موثر شکل میں انجام دیا جاسکے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ جدید روبوٹ کے استعمال سے وبا اور بیماریوں کا سدباب ہوگا۔ بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقدس مساجد کی انتظامیہ کا بڑا نصب العین یہی ہے کہ زائرین کورونا وائرس سے محفوظ رہیں اور وہ اس وبا سے محفوظ رہیں۔
کیمرے سے لیس روبوٹ بیٹری سے ریچارج کیے جانے کے بعد پانچ سے آٹھ گھنٹے انسانی مداخلت کے بغیر کام کرسکے گا۔ اس میں 23.8 لٹر لیکوڈ رکھنے کی گنجائش ہے۔
اسمارٹ روبوٹ ایک گھنٹے میں دو لٹر دوا کا اسپرے کرتا ہے۔ ایک بار 600 مربع میٹر کے بند حصے میں موجود بیکٹریا کا خاتمہ کردیتا ہے۔ دس میٹر آگے تک کی رکاوٹوں کا پتہ لگا لیتا ہے۔