اسلام آباد:ٹک ٹاک اور پی ٹی اے انتظامیہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں سوشل میڈیا ایپ کی انتظامیہ نے پاکستان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
وزارت آئی ٹی فحش مواد کے پھیلاوؤکو روکے جانے کی صورت میں پابندی ختم کرنے کیلئے تیار ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کے بعد اب سوشل میڈیا ایپ کی انتظامیہ نے پی ٹی اے حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ٹک ٹاک انتظامیہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر عائد پابندی کے خاتمے کیلئے حکومت پاکستان کے تمام تحفظات دور کرنے کیلئے رضامند ہے۔
ٹک ٹاک انتظامیہ نے پی ٹی اے حکام سے رابطہ کر کے تحفظات دور کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ٹک ٹاک انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہم پی ٹی اے سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور اب بھی ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
امید ہے جلد پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کسی ایسے نتیجے پر پہنچ جائے گی جس سے ٹک ٹاک ایپ پاکستان میں پھر سے کام کرنا شروع کر دے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک سروس کی تمام مارکیٹس میں مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پرعزم ہے۔
ایپلی کیشن میں ایک محفوظ اور مثبت ماحول کو قائم رکھنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ ہمارے پاس ایک متحرک نظام موجود ہے جس کے تحت یقینی بنایا جاتا ہے کہ یہ پلیٹ فارم صارفین کے لیے محفوظ اورخوش گوار رہے۔ جبکہ اس حوالے سے پی ٹی اے ذرائع نے ٹک ٹاک کی طرف سے رابطے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اگر ایپ انتظامیہ اپنے غیر قانونی مواد کی روک تھام کا نظام بہتر کر لے تو پی ٹی اے اسے بحال کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ فحش مواد کی روک تھام یقینی بنانے پر ٹک ٹاک پر عائد پابندی ختم کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی اے کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ٹک ٹاک پر پاکستان میں فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔