پشاور:سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان ریلویز کے درمیان جائنٹ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق ہوا ہے
۔ مذکورہ جائنٹ ورکنگ گروپ میں پاکستان ریلویز اور سرحد چیمبر کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے تین تین نمائندے شامل کئے جائیں گے۔
جائنٹ ورکنگ گروپ بزنس کمیونٹی کو ڈرائی پورٹ پردرپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا بھرپورکوششیں کرے گا۔
یہ اتفاق رائے گذشتہ روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور اور ڈی ایس پاکستان ریلویز پشاور ڈویژن محمدناصر کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی ٗ ڈی سی او ریلوے حامد فاروق ٗ ایگزیکٹو ممبر زرک خان ٗ سابق سینئر نائب صدور ضیاء الحق سرحدی ٗ شاہد حسین اور فاروق احمد ٗ ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرحدچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ ریلوے تجارت کرنے کیلئے ایک آسان اور کم لاگت والا ذریعہ ہے جس سے نہ صرف باہمی تجارت اور ایکسپورٹ کو فروغ دیا جاسکتا ہے بلکہ پاکستان ریلوے کو بھی ایک منافع بخش ادارہ بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ جو 2010ء میں ہوا تھااس کا از سر نو جائزہ لیکر نیا معاہدہ بزنس کمیونٹی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے طے کیا جائے۔