کرپٹو کرنسی پر پابندی نہیں لگائی لیکن یہ قانونی نہیں ہے لوگ احتیاط کریں۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا ہے کہ کرپٹو کرنسی پر پابندی نہیں لگائی، بینک کو اس کرنسی میں ڈیلنگ سے روکا ہے، جبکہ اس کی ڈیلنگ کے بارے میں آگاہی شروع کی گئی ہے۔ یہ کرنسی قانونی نہیں ہے، لوگ احتیاط کریں۔

سینیٹر فاروق نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد بھی شریک ہوئے جبکہ اجلاس کے دوران پاکستانی نوجوانوں کے کرپٹو کرنسی استعمال کرنے کے معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ کرپٹو کرنسی ڈیلنگ کے بارے میں آگاہی شروع کی گئی ہے، قانون میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپٹو کرنسی قانونی نہیں ہے، لوگ اس سے متعلق کاروبار میں احتیاط کریں۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بینکس کو بھی کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے سے روکا گیا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسٹیٹ بینک نے کرپٹو کرنسی پر پابندی نہیں لگائی۔