مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کاکہنا ہے کہ ماضی میں ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا، برآمدات پر توجہ نہیں دی گئی اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا۔
لاہور میں تاجر تنظیموں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ معیشت کو بہتر کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑے ،حکومت تاجر برادری کیلئے اب آسانیاں پیدا کر رہی ہے ۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم نے حکومتی اخراجات کو کنٹرول کیا، حکومت نے لاکھوں کمپنیوں کے بجلی کے 3ماہ کے بل خود دیئے، شاید ہی کوئی سیکٹر ہو جس میں حکومت اپنی جیب سے مدد نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں ٹیکس ریٹ بہت کم کردیئے گئے، چھوٹے ہاؤسنگ منصوبے میں ٹیکس صرف 10 فیصد کر دیا،سبسڈیز کا تاریخی پیکج دیا گیا،حکومت کی بہترپالیسیوں کی وجہ سےبلوم برگ نےپاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بہتر قرار دیا۔
حفیظ شیخ نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو بہت اچھا پیکج دیا،ہمیں کورونا وائرس کی وجہ سے پالیسیوں میں تبدیلی لانی پڑی،کورونا وائرس کے سبب ٹیکس میں 500سے600 ارب وصول نہیں کیے۔
حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران پاکستانی شہریوں کو گیس بجلی بلوں میں رعایت دی،90 فیصد گیس صارفین کو حکومت سبسڈی دے رہی ہے ۔