اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے اگلے 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ حکام کے مطابق یہ فیصلہ وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی منظوری سے کیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے تناظر میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی ہی سفارش کی تھی۔
حکومتی فیصلے کے بعد پیٹرول کی قیمت 103.97 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی اور اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل 104.06 روپے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 65.29 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔
فیصلے کے مطابق لائٹ ڈیزل 62.86 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ حکومت اس وقت فی لیٹر ڈیزل پر 30روپے، پٹرول پر 27روپے 32پیسے پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے اورمٹی کے تیل پر فی لیٹر 11روپے 43پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔