خیبر پختونخوا کے توانائی منصوبوں کیلئے عالمی بینک سے 1ارب 15کروڑ ڈالر کے 2معاہدے

اسلام آباد۔خیبرپختونخوا میں ہائیڈروپاور اور قابل تجدید توانائی کی ترقی سے متعلق ایک ارب 15کروڑ ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے۔

جمعرات کو پاکستان اورعالمی بینک کے درمیان ایک ارب 15کروڑ ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب منعقدہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان،وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار،وفاقی وزیر عمر ایوب خان،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان،صوبائی مشیر حمایت اللہ خان اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

 دونوں معاہدے خیبرپختونخوا میں ہائیڈروپاور اور قابل تجدید توانائی کی ترقی سے متعلق تھے،ہائیڈروپاور اور قابل تجدید توانائی منصوبے پر 45کروڑ ڈالر لاگت آئے گی،داسو ہائیڈروپاور منصوبے کے پہلے فیز کا تخمینہ 70کروڑ ڈالر ہے۔

 اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی بنک کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے،حکومت ملک کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اکنامک افیئر ڈویژن نور احمد نے معاہدے پر دستخط کئے۔اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت،واپڈا اور این ٹی ڈی سی کے نمائندوں نے بھی معاہدے پر دستخط کئے۔