لاہور: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر 22 سے 35 فیصد تک کا اضافہ کردیاہے تاہم ترجمان وزارت قومی صحت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تردید کردی ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ادویات کی قیمتوں میں 22 سے35 فیصدتک اضافہ کیا گیا۔
صدر پاکستان ڈرگ لائر فورم نور مہر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک مہینے میں ادویات کی قیمتوں میں دوسرا اضافہ مریض کش حملہ ہے، نور مہر کا کہنا تھا کہ17 ستمبرکی تاریخ کا نوٹیفکیشن 29 ستمبر کو منظر عام پر آیا، اس نوٹیفکیشن میں 94 ادویات کی قیمتوں میں 510فیصدتک اضافہ کیا تھا اور تازہ منظر عام آنے والے نوٹیفکیشن پر 5 اکتوبر کی تاریخ درج ہے جس میں 253ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزارت قومی صحت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں تاحال کوئی اضافہ نہیں ہواادویات مہنگی ہونے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ ہ ڈریپ نے94 اہم دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیاتھا۔