گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ 

کمیٹی میں وفاقی وزرا ء مشیر خزانہ حفیظ شیخ‘ ڈاکٹر عشرت حسین‘ عبدالرزاق‘ داؤد‘ ڈاکٹر وقار مسعود‘فخر امام، عمر ایوب، اسد عمر، خسرو بختیار اور معاون خصوصی ندیم بابر شامل ہوں گے۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر فخر امام کی سربراہی میں قائم کمیٹی گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کے لیے تجاویز تیار کرے گی۔کمیٹی کھاد پر سبسڈی سے متعلق بھی سفارشات پیش کرے گی۔

 پیر کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس کا اعلامیہ کر دیا گیا جس کے مطابق ای سی سی نے برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی، آر ایل این جی اور گیس پرسبسڈی دینے کی اصولی منظوری دیدی۔

 اعلامیہ کے مطابق زیرو ریٹڈ سیکٹر کو سبسڈی بہتر انداز میں طریقہ کار کے تحت فراہم کی جائے گی، ایف بی آر کو پانچ برآمدی سیکٹرز میں نئے مینوفیکچررز کی شمولیت کی بھی اجازت دیدی گئی۔