اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارت دفاع کے لئے جاری مالی سال کے دوران 17 ارب روپے کی 2 تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے جبکہ ربی سیزن کے دوران کھاد کے 2پلانٹس کیلئے آر ایل این جی کی فراہمی نومبر2020 کے آخر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس بدھ کو یہاں کابینہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔
ای سی سی نے وزارت دفاع کے لئے رواں مالی سال کے دوران17 ارب روپے کی 2 تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی،ای سی سی نے وزارت تجارت کی جانب سے امپورٹ پالیسی آرڈر2020کی شق بی ون میں ریڈی ایشن آپریٹرز کی شمولیت کی درخواست بھی منظور کرلی۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ربی سیزن 2020-21 کے لئے ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر نامی کھاد کے دو پلانٹس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے آر ایل این جی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمری کے حوالے سے ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ نومبر2020 کے آخر تک آر ایل این جی کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا۔
ای سی سی کی جانب سے وزیر صنعت و پیداوار کی سربراہی میں قائم کردہ تین رکنی کمیٹی اس عرصہ کے دوران ان پلانٹس کے مزید آپریشنز کے لئے تجویز تیار کرے گی اور پھر اسے مزید فیصلے کے لئے ای سی سی میں پیش کیا جائیگا۔