پاکستان نے متوقع کورونا ویکسین کے لیے چین سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

 اسلام آباد:پاکستان نے متوقع کورونا ویکسین کے لیے چین سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، چین سے ممکنہ ویکسین کی قیمت اور کلینکل ٹرائلز کا ڈیٹا مانگا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق این آئی ایچ بذریعہ وزارت خارجہ چینی حکومت سے رابطہ کرے گا، چین سے متوقع کوروناویکسین کی تفصیلات مانگی جائیں گی جن میں ویکسین کی قیمت اور ٹرائلز کا ڈیٹا شامل ہیں۔

 چینی کمپنیز کین سائینو اور سائینوفارم سے تفصیلات مانگی جائیں گی، دونوں کمپنیاں کوروناویکسین کلینکل ٹرائلز فیز تھری میں ہیں، سائینوفارم مختلف ممالک میں ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کر رہی ہے۔ 

کین سائینو کی ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کے مکمل نتائج 2ماہ میں آئیں گے، کورونا ویکسین پر چینی ردعمل کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، اپنے مقصد کے حصول کے بعد چینی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا پر پاکستانی ماہرین غور کریں گے۔

پاکستانی ماہرین کی منظوری پر چین سے ویکسین پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ پاکستان کو چین سے کورونا ویکسین پر مثبت ردعمل کی امید ہے۔