نیویارک: امریکی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ او بلڈ گروپ والے افراد کورونا سے بہت کم متاثر ہوتے ہیں۔
امریکی جریدے انلز آف انٹرنیشنل میڈیسن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے تحقیق کے دوران 2 لاکھ 25 ہزار 556 لوگوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جن میں اْن کے بلڈ گروپس بھی شامل تھے۔
ماہرین کے مطابق اے بلڈ گروپ کے مقابلے میں جن لوگوں کا بلڈ گروپ او تھا اْن کو کورونا لاحق ہونے کا خطرہ 12 فیصد تک کم رہا جبکہ اْن کی موت کے امکانات بھی 13 فیصد کم رہے۔
ماہرین نے بتایا کہ اسی طرح اے بی اور بی کی تمام اقسام کے بلڈگروپس والوں کو کورونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق بلڈ گروپ او یا ’آر ایچ نیگیٹیو‘ والے خود کا دفاع بہتر طریقے سے کرسکتے ہیں، بالخصوص جن کا بلڈ گروپ او نیگیٹو ہے اْن کا اندرونی نظام وائرسز سے مقابلہ کرنے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان بلڈ گروپ کے حامل افراد کے اینٹی باڈیز تیزی سے بنتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹ لکھنے والے ٹورنٹو میں قائمہسپتال ایس ٹی مائیکل ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر جوئل رے کا کہنا تھا کہ اگر ایسے لوگ وائرس سے متاثر بھی ہوجائیں تو اْن کا مدافعتی نظام مضبوط ہی رہتا ہے۔
اْن کا کہنا تھا کہ ہم اگلے مطالعے میں خاص طور پر اینٹی باڈیز کی افزائش اور دفاع پر غور کریں گے تاکہ حفاظتی اثرات کے بارے میں اور بھی زیادہ جانکاری حاصل کرسکیں۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امریکی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کورونا سے بچاؤ یا علاج کے حوالے سے کتنی موضوع اور مصدقہ ہے۔