سائنس دانوں نے کینسر کے بہترین علاج کیلئے نینو ڈرگ کیریئر تیار کرلیا

نان جنگ:چینی اداروں اور کولمبیا یونیورسٹی کے محققین نے ایک نیا نینومواد تیار کیا ہے جو انسداد کینسر کی دوائی کے ایک کیریئر کے طور پر کام کر سکتا ہے۔

یہ کینسر تھراپی میں دوائی کی فراہمی کے لئے ایک امید افزا حکمت عملی ہے۔ادویات کیریئرز ایسے مرکبات ہیں جو دوائی کو کینسر سے متاثرہ حصوں تک پہنچانے کے لئے دوائی کے مالیکیول سے جڑ سکتے ہیں۔

بین الاقوامی جریدے ایڈوانسڈ میٹریل میں گزشتہ ماہ  شائع ہونے والی اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جانوروں پر کئے گئے تجربات کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ٹیومرکے سیل کی جھلی  کے گرد لپٹا ہوا نینو مواد کینسر کی ادویات کی  ٹیومرز تک ہدف کے مطابق رہنمائی کرسکتا ہے۔

چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے ماتحت  سوژو انسٹی ٹیوٹ آف بائیو میڈیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سرکردہ  محقق ڈونگ وینفی نے کہا کہ نیا مواد سیلینیم اور سلیکان ڈائی آکسائیڈ کے بنیادی اجزا پر مشتمل ہے،جنہیں ایکس رے تابکاری کے ذریعے ڈی گریڈ کیاجاسکتا ہے۔

کم درجے کی ایکس رے تابکاری  سے  اس مواد نے دوائی کی مرضی کے مطابق ترسیل کی۔  

چھاتی کے کینسر میں مبتلا چوہوں پر ہونے والے تجربے سے معلوم ہوا کہ  روایتی کیموتھراپی کے مقابلے میں نینو ڈرگ کیریئر کے استعمال سے ٹیومر کے علاج کی کارکردگی میں دوگنا اضافہ اور زہریلے ضمنی اثرات بہت حد تک کم ہوسکتے ہیں۔