کورونا کے فعال کیسز 51ہزار سے متجاوز، مزید 39اموات

ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہزار 654 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 469 کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 42 ہزار 904 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3 ہزار 499 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعدملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 51 ہزار 654 ہو گئی۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 39 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 3 لاکھ 46 ہزار 951 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں