روس پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگیا

اسلام آباد:روس پاکستان کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگیا، ماسکو حکومت نے فروخت کی پیشکش کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ روس نے پاکستان کو کورونا ویکسین فروخت کرنیکی پیشکش کر دی ہے۔

 وزارت خارجہ کو پاکستان میں روسی سفارتخانے کا آفر لیٹر موصول ہوا، پاکستان کو روسی ویکسین کلینکل ریسرج اور ٹرائلز کا ڈیٹا رپورٹ بھی بھیجا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے وزارت صحت کو روسی پیشکش سے آگاہ کر دیا۔

اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپٹنک فائیو کی کلینکل ریسرچ رپورٹ عالمی ادارے کی تیارکردہ ہے، کلینکل رپورٹ میں سپٹنک فائیو کا دیگر ویکسین سے تقابلی جائزہ شامل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سپٹنک فائیو کوروناویکسین روس میں مقامی طور پر تیارکردہ ہے، سپٹنک فائیو کوروناویکسین 95فیصدمثر ہے، سپٹنک فائیو دیگر ویکسین کے مقابلے سستی اور مثر ہے، دیگر کے مقابلے میں اسے ذخیرہ کرنا آسان ہے۔ 

سپٹنک فائیو کے لیے فنڈنگ روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ نے کی۔خیال رہے کہ روسی حکومت کی جانب سے سپٹنک فائیو ویکسین کا استعمال جاری ہے۔ روس میں سپٹنک فائیو کورونا ویکسین روسی فوجیوں کو لگائی جا رہی ہے۔

 روس کی سپٹنک فائیوویکسین کو اگست 2020میں رجسٹر کیا گیا تھا۔ روس میں سپٹنک فائیوویکسین کے محدود استعمال کا آغاز نومبر میں کیا گیا تھا۔