اسلام آباد: حکومت نے کوروناویکسین کے ممکنہ حصول کے بعد ویکسی نیشن کا پلان تیار کرلیا، یہ مہم اگلے سال مارچ میں 3 مراحل میں چلائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن پلان تیار کرلیا گیا ہے۔، ویکسی نیشن مہم 3مراحل میں چلائی جائے گی۔
اس مہم کا آغاز مارچ میں ہونے کا امکان ہے، پہلے مرحلے میں ایک کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کی جائے گی، جن میں 5 لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز ہوں گے۔
اس حوالے سے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پہلے فیز میں 65 سے زائدالعمر95لاکھ شہریوں کی ویکسی نیشن ہوگی، دوسرے مرحلے میں رہ جانے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق دوسرے فیز میں 60سال سے زائدالعمر شہریوں کی ویکسی نیشن ہوگی، تیسرے مرحلے میں ملکی آبادی کے مخصوص حصوں میں ویکسین دی جائے گی، ویکسی نیشن کی نوعیت دستیاب ویکسین کی مقدار پر ہوگی۔
خیال رہے کہ کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
گزشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ اسد عمر کو کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی حماد اظہر، معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر فیصل سلطان شامل ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ خصوصی کمیٹی کوروناویکسین خریداری کے عمل کی نگرانی کرے گی، خصوصی کمیٹی کے فیصلے حتمی ہوں گے اور کابینہ سے توثیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔