ملک میں کورونا سے مزید 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

پاکستان میں کورونا سے مزید 60 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 8 ہزار 547 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 38 ہزار 092 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2 ہزار 963 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعدملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 45 ہزار 324 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 498 کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 8 ہزار 547 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار 142 ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 3 لاکھ 72 ہزار 271 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں