اسلام آباد: حکومت نے 8غیر ملکی دوا سازکمپنیوں سے کوروناکی ویکسین خریدنے کے لیے رابطے کرلیے۔
وی سی نیشنل ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد ڈاکٹر اسد حفیظ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ فائزر اور ماڈرناکی میسنجر آر این اے ویکسینز میں پاکستانی حکام کی دلچسپی کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین مہینوں میں 5لاکھ فرنٹ لائن ورکرز کے لیے ویکسین ملناپاکستان کی بڑی کامیابی ہوگی البتہ پاکستانیوں کی اکثریت کو 6ماہ تک ویکسین فراہمی ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد کے مطابق کورونا ویکسین کے لیے حکومت فنڈ اکٹھا کررہی ہے، 2021کی دوسری سہ ماہی میں ویکسین لگانا شروع کردیں گے اور ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کے حصول کے لیے 150ملین ڈالرکی رقم مختص کرنیکی منظوری دے چکی ہے اور حکومت نے ویکسین ایڈوانس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔