ملک میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 105 اموات،مجموعی تعداد 9 ہزار سے متجاوز

 پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک  ہی دن میں 105 افرادجاں بحق ہو گئے،جس کے بعد مہلک وائرس سےملک بھر میں  مجموعی اموات کی تعداد 9 ہزار سے زائد ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 38 ہزار 028 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2 ہزار 731 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعدملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 48 ہزار 369ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 510 کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 105 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 9 ہزار 010 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد4 لاکھ 45 ہزار 977 ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 3 لاکھ 88 ہزار 598 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں