واشنگٹن : امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بیس منٹ میں نتائج دینے والے کورونا ٹیسٹ کی منظوری دے دی۔
امریکی حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے مؤثر ترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور کورونا کی ویکسی نیشن کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر قابو پایا جاسکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے 20 منٹ میں نتائج دینے والے کورونا ٹیسٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد لیب سے ٹیسٹ کرانے کے بجائے گھر بیٹھے ٹیسٹ کیا جاسکے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ کی منظوری کے بعد لوگ گھر بیٹھے ٹیسٹ کرکے اگلے بیس منٹ میں نتائج حاصل کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو ہزار نو سو پچھتر افراد کورونا وائرس کے باعث جان سے چلے گئے جس کے بعد امریکا میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ دس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں مہلک ترین وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ ستر لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
امریکا میں ایک روز قبل کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوگیا تھا جس کے بعد امریکی حکام نے تمام ریاستوں میں کورونا ویکسین کی فراہمی شروع کردی ہے۔