کورونا سے ایک دن میں مزید 70 اموات ، ڈھائی ہزار سے زائد مثبت کیسز

ملک بھر میں کورونا وائرس نے ایک دن میں مزید 70 افراد کی جان لے لی، جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار 090 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2 ہزار 545 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جبکہ گزشتہ ایک دن میں مزید 7 ہزار 993 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعدملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 42 ہزار 851ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 505 کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 70 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 9 ہزار 080 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522  ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 3 لاکھ 96 ہزار719مریض صحتیاب ہوچکے ہیں