پاکستان: ایک دن میں کرونا کے 3 ہزار سے زائد نئے کیسز،مزید 87 اموات رپورٹ

ملک میں مہلک کرونا وائرس سے ایک ہی دن 87 افرادجان کی بازی ہار گئے ،جبکہ 24 گھنٹوں میں کرونا کےمزید 3 ہزار 179 نئے مریض سامنے آئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں  کرونا کے 40 ہزار922  ٹیسٹ کئے گئے،جن میں سے  3 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعدملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد40 ہزار 922 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 486 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ملک کے چار بڑے شہروں میں ایسے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی جن کی حالت تشویشناک ہے اور وینٹیلیٹر پر ہیں۔ ملتان میں 46فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔ اسلام آباد میں 41، پشاور 21 فیصد جبکہ لاہور میں 34 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 87 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 9 ہزار 250 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 4 لاکھ 4 ہزار 501 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں