واشنگٹن: امریکہ میں کورونا ویکسین فائزر کی وجہ سے ہونے والی الرجی پر ریسرچ شروع کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کورونا ویکسین فائزر سے مختلف لوگوں کو ہونے والی الرجی کی وجوہات جاننے کی کوشش شروع کر دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اگرچہ وجوہات جاننے کی کوشش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ ویکسین سے ہونے والی الرجی کے معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈی) کے ڈاکٹر الکیس توگیاس نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے ان کی ٹیم چند ہفتوں میں اس پر کام کرے گی تاہم اس میں وقت لگے گا یہ کوئی ایسی چیز نہیں ہے کہ ہم آج فیصلہ کریں اور کل ہی حل آئے جبکہ ریسرچرز کو امید ہے کہ وہ اس معاملے کا حل نکال لیں گے۔
امریکہ میں اب تک فائزر ویکسین سے متعدد افراد الرجی کا شکار ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے امریکی شہریوں میں ویکسین سے متعلق خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
کورونا ویکسین کی وجہ سے شہریوں میں خوف کو ختم کرنے کے لیے امریکی نو منتخب صدر اور امریکی نائب صدر ٹی وی پر کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔