پولیووائرس کی موجودگی‘پشاورکی 18یونین کونسلیں سپرہائی رسک قرار

پشاور:صوبائی دارالحکومت پشاور کی 18یونین کونسلیں پولیو کے حوالے سے سپرہائی رسک یوسیز قرار دے دی گئیں۔

پشاور کی یونین کونسل اخون آباد‘بھانہ ماڑی‘کاکشال2‘شاہین مسلم ٹاؤن ون اور ٹو‘شیخ جنید آباد‘وزیرباغ‘یکہ توت ون ٹواورتھری‘کینٹ وارڈ5‘دیہہ بہادر‘ڈھیری باغبانان‘لنڈی ارباب‘نوتھیہ جدید اور قدیم‘ہزارخوانی ون اورٹوکی یونین کونسلوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باوجود انکاری والدین کی ایک بڑی تعدادموجود ہے۔

ذرائع کے مطابق ان یونین کونسلوں کے نکاسی آب میں پولیو وائرس مسلسل موجود ہے ان 18یونین کونسلوں میں پشاور کے کل 15500انکاری بچوں میں سے 4500بچے موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان انکاری والدین کے ساتھ جرگوں اور بات چیت کا راستہ اپنایاگیا ہے اور 6ماہ میں پشاور میں انکاری کیسوں کی تعدادمیں 7ہزار کمی آئی ہے۔