ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تباہی مچانے لگی، مہلک وبا نے ایک دن میں مزید 111 جانیں لے لیں۔ جبکہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 173 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2 ہزار 256 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعدملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 38 ہزار 268 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزارسے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 111 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 9 ہزار 668 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 070 ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 4 لاکھ 17 ہزار 134 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں