وزات تجارت کے اجلاس میں حکام نے ملکی برآمدات کے حوالے سے خوشخبری سنائی ہے کہ پاکستان کی برآمدات گزشتہ 4 ماہ سے لگاتار 2 ارب ڈالر سے تجاوز کررہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشیر تجارت کی زیر صدارت برآمدات کے حوالے سے وزارت تجارت میں وڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ برآمدات گزشتہ 4 ماہ سے لگاتار 2 ارب ڈالر سے تجاوز کررہی ہیں، جنوری 2021 میں برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ کینیڈا 43، آسٹریلیا 42، امریکا 36، چین اور برطانیہ کو 21 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا۔
جرسی کی برآمدات میں 72 فیصد، ادویات کی برآمدات میں 55 فیصد اضافہ ہوا، ٹی شرٹس کی برآمدات میں 43 فیصد، پلاسٹکس کی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا، خواتین گارمنٹس کی برآمدات میں 21 فیصد اور ہوم ٹیکسٹائل برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ہوا، مردوں کی گارمنٹس میں 8 فیصد اور چاولوں کی برآمدات میں جنوری 2020 کے مقابلے میں7 فیصد اضافہ ہوا۔