خیبرپختونخوا، اعلیٰ افسران کے تبادلے، محمد علی گنڈا پور کی خدمات وفاق کے سپرد

پشاور:خیبر پختونخوا سے پولیس سروس گروپ گریڈ 20 آفیسر کی خدمات وفاق کے حوالے کردی گئیں۔

 اس سلسلہ میں جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ڈی آئی جی سپیشل برانچ خیبر پختونخوا محمد علی خان گنڈا پور کو کے پی کے سے تبدیل کرکے وفاقی محکمہ انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) ہیڈ کوارٹر میں تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

 محمد علی گنڈا پور ایک نہایت قابل اورفرض شناس اور ایماندار پولیس آفیسر ہیں جو چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور سمیت خیبر پختو نخوا میں دیگر اہم عہدوں پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
 

صوبائی حکومت نے سیکرٹری محکمہ انتظامیہ سمیت گریڈ 19اور گریڈ20کے تین اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

 اعلامیہ کے مطابق صوبائی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سید ظاہر شاہ کو تبدیل کرکے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صوبائی سیکرٹری اوقاف شاہد سہیل خان کوتبدیل کرکے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن کے عہدے پرتعینات کردیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید ظفرعلی شاہ کو تبدیل کرکے انہیں سٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کمشنر پشاور امجدعلی خان کو ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کا اضافی چارج تفویض کردیاگیا ہے۔