پشاور:مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کے چارا فراد گرفتارکرکے850 کلو مضر صحت گوشت برآمدکرلیاگیا۔
ضلعی انتظامیہ پشاور نے مردہ جانوروں کے گوشت کو سپلائی کرنے والے گروہ کو گرفتار کرتے ہوئے 850 کلو مضر صحت گوشت کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)خالد محمود کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پشاور میں ایک گروہ مختلف علاقوں سے مردہ جانوروں کو اکھٹا کر کے قصائیوں کو سپلائی کر تا ہے۔اس پر انھوں نے کاروائی کا حکم دیا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے رات کے 12بجے اشرف روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کو روکا جس میں 850 کلو مردہ جانوروں کا گوشت مختلف قصائیوں کو سپلائی کیا جا رہا تھا۔اس موقع پر گروہ کے سرغنہ سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا۔
ان گرفتار افراد کے پوچھ گچھ جاری ہے کہ پشاور میں کو ن کو ن سے قصائی اس مکروہ کاروبار سے منسلک ہیں۔ گرفتار افراد کی معلومات پر مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتا ب احمد کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کو خفیہ اطلاع ملی تھی جس پر آج کی کاروائی عمل میں لائی گئی اور مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ان افراد سے پوچھ گچھ جاری اور اس کے بعد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی‘واضح رہے کہ گوشت پر جعلی سرکاری مہریں بھی لگائی گئی تھیں۔