ڈی جی خان:جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ افراد نے حملہ کرتے ہوئے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔
ڈی جی خان پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پل شیخانی کے قریب مسلح افراد نے دیہی علاقے کی مارکیٹ میں گھس کر وہاں موجود افراد پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔
مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جرائم پیشہ لادی گینگ نے شہریوں پر حملہ کیا، حملہ آور دو تھے، جن میں سے ایک پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مارا جاچکا ہے جبکہ دوسرا ملزم ایک سکول میں جاگھسا ہے، جہاں سے ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے، ملزم کو زندہ گرفتار کرنے کی حکمت عملی کے تحت پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔
دوسری جانب ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ڈی جی خان میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ڈی جی خان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ڈی جی خان میں شرپسندوں کی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔