سوات:سوات کے علاقہ مدین میں غیرت کے نام پرشوہر نے اپنی بیوی کو آشناء سمیت قتل کر دیا، پولیس نے ملزم کوگرفتار کرلیا۔پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ مدین کی حدود باڈالئی میں گذشتہ شب تقریبا ًرات کے12بجے انور علی ولد محمد زرین سکنہ باڈالئی مدرسہ سے گھر پہنچا تو اپنے ہی گھر میں ایان علی ولد کریم اللہ کو اپنی بیوی سائرہ کے ساتھ موجود پایاجس پرانورعلی نے طیش میں آکر کلہاڑی سے وار کرکے آیان علی کو قتل کردیا جس کے بعد اپنی بیوی پر بھی پے در پے وار کرکے اسے ابدی نیند سلادیا۔
پولیس نے لاشیں قبضہ میں لے کر سول ہسپتال مدین منتقل کردیا اور ملزم انور علی کوگرفتارکرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ میری شادی سائرہ کیساتھ تقریباً 1ماہ قبل ہوئی تھی اور مجھے شک تھا کہ اسکے آیان علی کیساتھ ناجائز تعلقات تھے جس کے وجہ سے میں نے یہ قدم اُٹھایا۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی۔تھانہ مدین کے ایس ایچ او زاہد خان نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔