گھر سے بھاگ کر شادی کرنیوالا جوڑا قتل 

پشاور: تھانہ بڈھ بیر کے علاقہ باغبانان میں گھر سے بھاگ کر شادی کرنیوالے جمرود کے رہائشی جوڑے کو فائرنگ کرکے بیدردی کیساتھ قتل کردیاگیا۔

 مقتولین ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے جو آپس میں قریبی رشتہ دار بھی ہیں پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے دوران گھر سے نکاح نامہ برآمدکرلیا۔

 پولیس کے مطابق گزشتہ روز اطلاع ملی کہ ڈھیری باغبانان کے علاقہ میں گھر کے اندر میاں بیوی کو قتل کردیا گیا ہے۔

 اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ سے کوکی خیل جمرود کے رہائشی مقتولین کریم خان ولد جانس خان اور اس کی بیوی مسما زینب بی بی زوجہ کریم خان کی نعشیں برآمد کرلیں۔

پولیس کے مطابق میاں بیوی نے گھر سے بھاگ کر شادی رچائی تھی جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

 پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرکے دونوں مقتولین کی نعشیں مردہ خانے منتقل کردیں پولیس کے مطابق رات گئے مقدمہ درج نہ ہوسکا۔