کوئٹہ:عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے کئی ماہ سے لاپتہ سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کی لاش کوئٹہ سے برآمد کرلی گئی۔
عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغرخان اچکزئی نے تصدیق کی ہے کہ اسد خان اچکزئی کی لاش آج کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار سے ملی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اسد خان اچکزئی 5 ماہ سے لاپتا تھے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے چند روز قبل ایک اغواء کار کو گرفتار کیا تھا جس کی نشاندہی پر پولیس نے اسد خان اچکزئی کی لاش نوحصار سے برآمد کی ہے۔
خیال رہے کہ اسد خان اچکزئی کو 5 ماہ قبل پارٹی کی مرکزی کونسل سیشن میں شرکت کیلئے چمن سے کوئٹہ آتے ہوئے ائیر پورٹ روڈ سے اغواء کیا گیا تھا۔وہ اے این پی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات تھے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے اے این پی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر پارٹی پرچم سرنگوں رہیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے اسد خان اچکزئی کی دل اندوہ شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسد خان اچکزئی کی گمشدگی اور آج ان کی لاش ملنا بہت سے سوالات کو جنم لیتا ہے، شہریوں کو تحفظ دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
اس قسم کے واقعات عوام کا قانون اور آئین سے اعتماد اور یقین کم کرنے کے باعث بن رہے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی اس سانحے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔