خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کی 10اپوزیشن کی 2سیٹیں

پشاور: پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا سے سینٹ کی بارہ میں سے 10سیٹوں پر کامیابی حاصل کر لی ، دو نشستیں اپوزیشن نے اپنے نام کرلیں، جنرل سیٹوں پر پی ٹی آئی کے پانچ، جبکہ خواتین کی دو ، ٹیکنو کریٹ کی دو اور ایک اقلیتی سیٹ کے امیدوار فاتح قرار پائے۔ 

پی پی کے امیدوار فرحت اللہ بابر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سات جنرل سیٹوں پر تحریک انصاف کے سید شبلی فراز ، محسن عزیز ، لیاقت ترکئی، ذیشان خانزادہ ،
، فیصل سلیم ، اپوزیشن کے دو امیدوار اے این پی کے ہدایت اللہ اور جے یو آئی کے مولانا عطاءالرحمن کامیاب ہوئے۔ 

ذرائع کے مطابق خواتین کی دو سیٹوں پر تحریک انصاف کی ثانیہ نشتر 56ووٹ اور فلک ناز 51ووٹ لے کر کامیاب ہو گئیں ان کی مدمقابل امیدواروں جماعت اسلامی کی عنایت نسیم نے 36 نے ووٹ لئے۔ اس سیٹ پر دو ووٹ مسترد ہوئے۔ 
 
اقلیتی نشست پر تحریک انصاف کے گردیپ سنگھ نے 103 ووٹ لئے اور ایوان بالا کے رکن منتخب قرار پائے، ان کے مدمقابل امیدوار رنجیت سنگھ 25اور اے این پی کے آصف بھٹی 12ووٹ لے سکے۔اقلیتی سیٹ 5 بیلٹ پیپرز مسترد ہوگئے۔
 
ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر پی ٹی آئی کے دونوں امیدواروں دوست محمد خان 59 اور ہمایوں مہمند کے 49 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے، پیپلز پارٹی کے امیدوار فرحت اللہ بابر 34 لے سکے اور اپنی سیٹ نہ بچاسکے۔ ٹیکنو کریٹ پر 145میں سے 3 ووٹ مسترد ہوئے۔