پشاور: وزیراعظم پراعتمادکے ووٹ کے حوالہ سے خیبر پختونخوا حکومت بھی سرگرم ہوگئی ہے گورنر شاہ فرمان اوروزیر اعلیٰ محمود خان نے خیبرپختونخواسے تعلق رکھنے والے پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ ملاقات کرکے صورت حال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے پشاور میں تمام مصروفیات ترک کرتے ہوئے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں ،اب وہ وزیراعظم پراعتماد کے اظہار کی تحریک کی منظوری کے بعد ہی واپس آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وزیرا علیٰ محمود خان کو فون کرکے انہیں فوری طورپر اسلام آباد طلب کیا اور موجودہ صورت حال کے حوالہ سے ان کے ساتھ تفصیل سے بات چیت کی بعدازاں وزیر اعلیٰ محمودخا ن نے صوبہ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی ہنگامی طورپر اجلاس طلب کیا۔
پختونخواہاﺅ س میں ہونے والے اجلاس میں صوبہ سے تعلق رکھنے تمام پارٹی اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی اجلاس میں حفیظ شیخ کی شکست سے پیداہونے والی صورت حال پر تفصیل سے غورکیاگیا جبکہ ہفتہ کے اجلا س کے لیے مختلف تجاویزبھی زیرغورآئیں اجلاس میں شہریارآفریدی نے بھی اپنے معاملہ کی وضاحت پیش کی جبکہ ا س امرپر تشویش کااظہارکیاگیاکہ آصف زرداری کو تو دوسرابیلٹ پیپر دیا گیا مگر شہریار آفریدی کو دوسرا بیلٹ پیپر نہیں دیاگیا اس سلسلہ میں اسمبلی اورالیکشن کمیشن میں معاملہ اٹھانے پر بھی غورکیاگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے ممبران اسمبلی کے ساتھ مستقبل میں بھی قریبی کوارڈینیشن رکھنے کی یقین دہانی کرانے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل مزید تیزی کے ساتھ حل کرنے کابھی اعلان کیاگیا۔
ادھر خیبرپختونخواسے منتخب پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتمادکااظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیاہے کہ ہفتہ کو اسمبلی اجلاس میں صوبہ کے تما م پارٹی اراکین ایک گروپ کی صورت میں اکٹھے ایوان میں داخل ہونگے مزید حکمت عملی طے کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کااہم اجلا س آج طلب کرلیاگیاہے۔