پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر وزیر اعظم عمران خان، پی ٹی آئی کے کارکنان اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے منتخب نمائندوں کا بحیثیت وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور اعتماد نہ صرف وزیراعظم اور حکومت بلکہ پوری قوم کی جیت اور حق کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پر ممبران قومی اسمبلی کا اظہار اعتماد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کپتان کے کھلاڑی ہر وقت اور مرحلے میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ بکنے والے ہیں نہ جھکنے والے۔
یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی ٰنے کہا کہ عمران خان اس قوم کا وہ واحد لیڈر ہے جس کو اپنے اصولوں اور نظریات کی خاطر اقتدار کی بھی پرواہ نہیں اور وہ سیاست میں اعلی ٰاخلاقی قدروں کے علمبردار ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خود سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا جس میں اللہ تعالی نے انہیں شاندار کامیابی سے نوازا۔
وزیراعلی ٰکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے نہ صرف عوام کے سامنے سرخرو ہوئے بلکہ مخالفین کے منہ بھی ہمیشہ کے لئے بند کردیے اور اب وہ مزید جوش و جزبے اور عوامی طاقت کے ساتھ نئے پاکستان اور تبدیلی کا سفر جاری رکھیں گے۔
ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں اور انتخابی سیاست میں کرپشن کو فروغ دینے والے عناصر کی مخالفت کے باوجود اس قوم کو نیا پاکستان اور نیا نظام دینے کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پیسے کے بل بوتے پر ووٹ خرید کر اقتدار میں آنے والوں پر اب واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام کارکن عمران خان کے سچے اور نظریاتی سپاہی ہیں جو اس قوم کو ایک صاف ستھرا جمہوری اور سیاسی نظام دینے کے لئے ہر وقت اپنے لیڈر کے پیچھے کھڑے ہیں۔
محمود خان نے کہا ہے کہ سیاست کو منافع بخش کاروبار سمجھنے والے اور اقتدار کو اپنی تجوریاں بھرنے کے لئے استعمال کرنے والے سیاسی عناصر سے لوگ تنگ آچکے ہیں اور انہوں نے اس کلچر کا خاتمہ کرکے نیا پاکستان بنانے کے لئے عمران خان کا ساتھ دیا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ عمران خان ایک مخلص، نڈر، ایماندار اور سچے لیڈر ہیں جو قوم کو اس فرسودہ اور عوام دشمن نظام سے نجات دلا سکتے ہیں۔
عمران خان اس ملک کے 22 کروڑ عوام کی واحد امید ہے جس کی قیادت میں نئے پاکستان کا سفر زور و شور سے جاری ہے اور وہ دن دور نہیں کہ ستر سالوں کے اس کرپٹ نظام کا خاتمہ ہو جائے گا اور یہ ملک دنیا کی ایک عظیم فلاحی اسلامی ریاست بن جائے گا جس کے لئے نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بلکہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔