روہڑی:روہڑی میں سانگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 7 بوگیاں الٹ گئیں، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ چالیس مسافر زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمی ہونے والے مسافروں کو روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
ریلوے حکام کے مطابق 30 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ٹریفک 17گھنٹے بعد بحال کردیاگیالاہور(آئی این پی) پاکستان ریلویز کی جانب سے روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے،حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو ایک سے پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ چوبیس گھنٹوں میں 5ٹرین حادثات سے ریلوے کی کارکردگی کا پول کھل گیاگزشتہ روز کا پہلا واقعہ لانڈھی اسٹیشن پر پیش آیا تھا، جہاں پشاور سے کراچی آنے والی رحمان بابا کا انجن جواب دے گیا۔
دوسرا حادثہ بھی ہفتہ ہی رونما ہوا، جہاں پاکستان ایکسپریس کی بوگی کینٹ اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر تین پر ڈی ریل ہوگئی، ریلوے حکام اس معاملے کو حل کررہے تھے کہ گرین لائن کی اے سی بوگی بھی کراچی کینٹ اسٹیشن پر ڈی ریل ہوگئی۔
ہفتہ کوہی راول پنڈی سے آنے والی گرین لائن کا انجن کوٹری کے قریب فیل ہوا، بعد ازاں ریلوے حکام نے متبادل انجن کی فراہمی کے بعد ٹرین کو کراچی کی جانب روانہ کیا،بعد ازاں رات گئے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس اس وقت حادثے کا شکار ہوئی۔
دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ کراچی ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے میں کسی کی غفلت ہوئی تو برداشت نہیں کروں گا۔وزیر ریلویز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر حادثے میں ٹرین ڈرائیور کی غلطی ہوئی تو کاروائی ہوگی، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ 4 سے 5 روز میں مل جائیگی۔