راولپنڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او شہید

راولپنڈی:راولپنڈی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس کو شہید کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھر سے گاڑی میں نکلے، اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان ایس ایچ او پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شہید ایس ایچ او میاں عمران کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہآر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او راولپنڈی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔

 بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے شہید ایس ایچ او میاں عمران کے والد بھی پولیس مقابلے کے دوران شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے جب کہ شہید ایس ایچ او میاں عمران نے بھی شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی تھی جس کی بناء پر انہیں دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔