پشاور: تھانہ داؤدزئی کے علاقہ بیلہ برآمد خیل میں تعلقات برقرار رکھنے کیلئے چھوٹے بھائی نے بھاوج کیساتھ ملکر بڑے بھائی کو ذبح کردیا۔
پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں اندھے قتل کاسراغ لگاتے ہوئے قاتل عاشق و محبوبہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزموں نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔
گزشتہ روزپولیس کو اطلاع ملی کہ بیلہ برآمد خیل میں ایک شخص کو گھرکے اندر ذبح کیاگیا ہے جس کانوٹس لیتے ہوئے ایس پی رورل سجاد حسین کی ہدایت پر ڈی ایس پی گران اللہ اور ایس ایچ او داؤدزئی عمران اللہ پر مشتمل خصوصی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور نعش تحویل میں لیکر مردہ خانہ منتقل کردی۔
بعدازاں مقتول کی شاہد اللہ ولد حضرت خان کے نام سے شناخت ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیاگیا تو انکشاف ہواکہ مقتول شاہد اللہ کو اس کے چھوٹے بھائی صدام نے مقتول کی بیوی مسماۃ حلیمہ کیساتھ ملکر ذبح کیا ہے جس پر ایس ایچ او نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دونوں قاتلوں کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزموں نے بتایاکہ دونوں کے ایک دوسرے کیساتھ تعلقات تھے او ر اسی بناء پر مقتول کو راستے سے ہٹایاگیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔