پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں موجود سیاحت کے بے پناہ مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرکے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیاد پر استوار کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت دور رس اقدامات کر رہی ہے۔
صوبے میں سیاحت کے فروغ کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے حکومتی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے علاوہ سیاحت کے لئے قومی ٹاسک فورس کے ممبر شہزادہ سراج الملک، سیکرٹری سیاحت محمد عابد مجید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
غیر ملکی نجی سیاحتی کمپنی جون منزیز کے چیئرمین فلپ جوئینگ نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے صوبے کے سرمائی علاقوں میں سیاحت اور سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے نجی سرمایہ کاری کے مواقع اور ممکنات کا جائزہ لیا گیا۔
جون منزیز کمپنی کی طرف سے صوبے کے سرمائی علاقوں میں کھیلوں اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ اور کہا گیا کہ اگر صوبائی حکومت لیز پر زمین فراہم کرے تو کمپنی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کمپنی ابتدائی طور پر سرمائی سیاحتی علاقے میں ایکٹنگ ریزاٹ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے جون منزیز کمپنی کی طرف سے صوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو راغب کرکے یہاں کے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں باقاعدہ پروپوزل تیار کریں تاکہ اس حوالے سے مزید پیشرفت کے لیے راہ ہموار کی جاسکے۔