لودھراں میں پٹڑیوں کے قریب سے 3 نوجوانوں کی لاشیں برآمد

لودھراں: پنجاب کے ضلع لودھراں میں پٹڑی کے قریب سے تین نوجوانوں کی لاشیں ملیں ہیں، لاشیں ملنے کے باعث علاقے میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے۔

لودھراں پولیس کے مطابق لودھراں کے علاقے شاہنال کےقریب پٹڑی سے تین نوجوانوں کی لاشیں ملی ہیں، شاہنال کا علاقہ پولیس تھانے گیلے وال کی حدود میں آتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی عمریں بائیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں، ان میں سے ایک نوجوان کا چہرہ مسخ ہے، ان نوجوانوں کو قتل کیا گیا ہے یا انہیں کوئی حادثہ پیش آیا ہے، اس بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔

پولیس کے مطابق فرانزک ٹیمیں اور پولیس موقع پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نوجوانوں کو قتل کرکے ان کی لاشوں کو پٹری پر پھینکا گیا ہو، فوری طور پر نوجوانوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔