کراچی میں خاتون کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ کا نیٹ ورک چلائے جانے کا انکشاف

 کراچی: شہر قائد کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور فسادات پھیلانے کا نیٹ ورک کہکشاں حیدر نامی ایک خاتون چلارہی تھیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد، ایس ایس پی عارف عزیز اور سندھ رینجرز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کہکشاں حیدر امریکا میں بیٹھ کر بانی ایم کیو ایم کی ایما پر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم کی سربراہی کررہی ہیں۔

سی ٹی ڈی اور رینجرز کے حکام نے کراچی میں بے امنی سے متعلق چشم کشا حقائق میڈیا کے سامنے رکھے،سندھ رینجرز کے کرنل شبیر نے کہا کہ کہکشاں حیدر نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے را کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے کئی منصوبے بنائے۔

حکام نے بتایا کہ 2017میں رینجرز نے ایم کیوایم لندن کی ٹارگٹ کلرزکی ٹیم پکڑی تھی۔ ٹیم جب جیل گئی توانکی معلومات پر خفیہ آپریشن کیا جاتا رہا ہے۔

کرنل شبیر نے بتایا کہ امریکا سے کہکشاں نامی خاتون ایک ٹیم کراچی میں چلارہی تھی، کہکشاں نامی خاتون کی کال ریکارڈنگ بھی سامنے آئی ہے۔

کہکشاں حیدر پر پہلے ہی ایک مقدمہ درج ہے، کہکشاں حیدر نے را کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے منصوبے بنائے،کہکشاں حیدر نے ایم کیوایم لندن کے ایماپر کارروائیاں کروائیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم کو کہکشاں ان ڈائریکٹ ہیڈ کررہی ہیں،کہکشاں حیدر بانی ایم کیوایم کے کہنے پر دہشت گردی میں ملو ث ہے۔

سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ہم نے خفیہ اطلاعات پر کئی آپریشنز کیے ہیں،پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ایم کیوایم لندن کراچی میں ایک بارپھر آنا چاہتی ہے، کہکشاں حیدرمنی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے،بانی ایم کیوایم کی ہدایت پرکہکشاں دہشتگردی کراتی رہی، ایم کیوایم لندن کی کوشش ہے کراچی میں دوبارہ پیرجمائے  جائیں۔

حکام کی جانب سے ایک واٹس ایپ کال بھی چلائی گئی جس میں کہکشاں حیدر بتا رہی تھیں کہ کس طرح ٹارگٹ کلنگ کرنی ہے اور ٹارگٹ کلر کو پیسے فراہم کرنے کا بھی بتایا، کال میں ٹارگٹ کلر کو پہلے50 ہزار روپے دینے کی بات ہوئی اور بعد ازاں انعامی رقم 2 لاکھ روپے کرنے کا کہا گیا۔

کہکشاں حیدر امریکی شہری ہیں اور ان کے پاس امریکا کا پاسپورٹ بھی ہے، وہ ٹیکسس میں بیٹھ کر نیٹ ورک چلاتی ہیں۔