کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظرانتظامیہ کی جانب سے پشاور کے 4 علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پشاورکےعلاقے گلبہار نمبر 4، ڈیفینس کالونی، حیات آبادفیز 1 اورفیز 6 کی ایک، ایک گلی میں لاک ڈاؤن ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق ان مقامات میں لاک ڈاؤن آج شام 6 بجے سےنافذ ہوگا جبکہ ان آؤٹ انٹری بند رہے گی ۔
اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کےکیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مائیکرو اسمارٹ ڈاؤن لگانے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
اشیاء خورونوش، میڈیکل اسٹورز، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروسز کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق متعلقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کیلئے ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر میں یہ دوسرا اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے، گزشتہ روز بھی 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا جس میں حیات آباد فیز 4 ، شامی روڈ، حیات آباد فیز 7 اور مسلم آباد کاکشال میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے نقل و حرکت بند رہے گی۔