پشاور:چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے رمضان سے پہلے صوبہ بھر میں سستا بازار فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو تمام ڈویژنل کمشنرز کیساتھ ملکر سستا بازار کے دورے کرنے اور ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف سیکرٹری کی زیرصدارت گزشتہ روز کابینہ روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔اس موقع پر اضلاع کی سطح پر انتظامی امور کے حوالے سے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا اس سلسلے میں رمضان سے پہلے سستا بازار فعال کئے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں فلور اور شوگر ملز کی بھی خصوصی نگرانی کریں، فلور اور شوگر ملز میں پروڈکشن پر نظر رکھیں اور تواتر کیساتھ چھاپے یقینی بنائیں، اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ریگولیٹری، ایڈمنسٹریٹیو اور ڈسپلنری ایکشن پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ایکشن تیز کرکے قانون کی خلاف ورزی کرنے اور بے قاعدگی میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔
انہوں کھلی کچہریوں کا انعقاد تواتر کیساتھ یقینی بنانے سمیت تجاوزات کے خلاف کاروائی مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری نے قبائلی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ ضم اضلاع میں اراضی کے حصول کے حوالے سے تمام معاملات جلد ازجلد نمٹائیں، ضم اضلاع میں اس حوالے سے قانونی پیچیدگیاں بھی دور کی گئی ہیں، انتظامیہ اراضی کے نرخوں کا تعین یقینی بنائے۔
چیف سیکرٹری نے تمام انتظامی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان سٹییزن پورٹل پر عوام کی شکایات کو جلد ازجلد نمٹانے پر خصوصی توجہ دیں،ضلعی انتظامیہ ہوائی فائرنگ، وال چاکنگ اور لاوڈ سپیکر کے بیجا استعمال پر پابندی بھی یقینی بنائے۔