بنوں: خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن شیر اعظم وزیر کے گھر کے باہر رکھا گیا بم ناکارہ بنادیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بنوں میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی، اور پیپلزپارٹی کے ایم پی اے شیر اعظم وزیر کے گھر کے باہر رکھا گیا بم ناکارہ بنادیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ایم پی اے شیر اعظم وزیر کے گھر کے باہر گیٹ کے پاس 4 کلو گرام بم رکھا گیا تھا، تاہم بم کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکوارڈ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ اور بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کی وجہ سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج اور شواہد اکھٹے کرکے تخریب کاری کاروں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔